اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے شاہ محمود قریشی کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی تفصیلات میڈیا سے شیئر کر دی ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا کوئی متبادل نہیں ہوسکتا، اس حوالے سے تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں کیوں بعض لوگ یہ بات کر رہے ہیں کہ شاہ محمود قریشی بانی پی ٹی آئی کی جگہ لے سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے مؤقف اور شاہ محمود قریشی کی رائے جاننے کے لیے ان سے ملنے گئے تھے، اور ملاقات کے دوران قریشی نے بھی وہی بات کی جو ہم کرنے گئے تھے — یعنی ملک میں سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی ضرورت ہے۔عمران اسماعیل نے مزید بتایا کہ ملاقات سے قبل ہمیں تقریباً چھ سے سات منٹ انتظار کروایا گیا، اور پھر شاہ محمود قریشی نے مزید دو منٹ کا وقفہ لیا کیونکہ ان کے گھر کی خواتین موجود تھیں۔سابق گورنر سندھ کے مطابق، ماضی میں پارٹی کے اندر کئی مواقع پر بانی پی ٹی آئی کی بات سے اختلاف بھی کیا جاتا تھا اور متبادل رائے دی جاتی تھی، مگر اب صورتحال یہ ہے کہ ہر شخص صرف انہیں خوش کرنے میں مصروف ہے۔
انہوں نے شیخ وقاص اکرم پر تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آخر وہ کون ہیں اور کیا ان کی پارٹی کے ساتھ کوئی 30 سالہ وابستگی ہے؟ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ایسے لوگ خود خیبر پختونخوا میں چھپے ہوئے ہیں مگر دوسروں کو باہر نکلنے کے مشورے دیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی پی ٹی آئی کے کئی سینئر رہنماؤں سے ملاقات ہوئی ہے، سب اس بات پر متفق ہیں کہ ملک میں سیاسی درجہ حرارت کم ہونا چاہیے۔ اگر بانی پی ٹی آئی اس بات پر آمادہ ہو جائیں تو دوسری جانب سے بھی بات چیت کے دروازے کھولے جا سکتے ہیں۔















































