اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار زہران ممدانی نے نیویارک کے میئر کا انتخاب جیت لیا ہے، اور ان کی کامیابی کے بعد بی بی سی اردو نے ان کے بارے میں وہ دلچسپ حقائق سامنے لائے ہیں جو زیادہ تر ایشیائی نژاد افراد نہیں جانتے۔رپورٹ کے مطابق زہران ممدانی نیویارک شہر کے پہلے مسلمان میئر ہونے کے ساتھ ساتھ افریقہ میں پیدا ہونے والے پہلے میئر بھی ہیں۔ ان کی کامیابی کو امریکی سیاست میں ایک تاریخی موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔بی بی سی کا کہنا ہے کہ ممدانی اس طرز کی سیاست کی نمائندگی کرتے ہیں جس کی ڈیموکریٹک پارٹی کے بائیں بازو کے حلقے طویل عرصے سے خواہش رکھتے تھے۔
وہ ایک نوجوان، پرجوش اور کرشماتی شخصیت کے مالک ہیں، جو پارٹی کے اندر نسلی اور ثقافتی تنوع کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔زہران ممدانی نے ہمیشہ اپنے بائیں بازو کے نظریات کا کھل کر دفاع کیا ہے اور کسی بھی سیاسی بحث یا مقابلے سے پیچھے نہیں ہٹے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق انہوں نے اپنی مہم کے دوران ان معاشی اور سماجی مسائل پر توجہ مرکوز رکھی جو محنت کش طبقے کے لیے سب سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں — وہی طبقہ جو گزشتہ کچھ عرصے سے ڈیموکریٹک پارٹی سے فاصلے پر چلا گیا تھا۔ان کی جیت کو نیویارک کی سیاست میں نئی نسل اور نئے نظریات کے عروج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔















































