ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان نے اپنی قریبی دوست اداکارہ بپاشا باسو کو شادی کے موقع پر 10 کروڑ کا گھر تحفے میں دے دیا لیکن اداکارہ نے شادی کے تحفے میں گھر دینے کی تردید کردی ہے۔بالی ووڈ کے اسٹار سلمان خان اپنی جاندار اداکاری ہی نہیں اپنی دوستی کے حوالے سے بھی شہرت رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ فلم نگری میں ہر اداکار اور اداکارہ ان سے دوستی کا دم بھرتے نظر آتی ہے جب کہ اپنے دوستوں کو نوازنے اورقیمتی تحفے تحائف دینا سلومیاں کا پسندیدہ مشغلہ ہے لیکن اب انہوں نے اپنی قریبی دوست اداکارہ کو شادی کا حیران کن تحفہ دیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے اپنی قریبی دوست بپاشا باسو کی شادی کی تقریب میں ناصرف شرکت کی بلکہ اس موقع پر سب سے زیادہ مہنگا گھر تحفے میں دیا جس کی مالیت 10 کروڑ روپے ہے تاہم اداکارہ نے بالی ووڈ اسٹار کی جانب سے گھر تحفے میں دینے کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔اداکارہ کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ آج تک میں نے اتنی فضول اورجھوٹی خبر نہیں پڑھی اور میں آخرکیوں کسی سے ایسا تحفہ قبول کروں گی۔واضح رہے کہ اداکارہ بپاشا باسو اور اداکار کرن سنگھ گرور طویل معاشقے کے بعد 30 اپریل کو شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے ۔