احمد آباد (این این آئی)بھارت کے شہر احمدآباد کے ڈاکٹروں نے ایک نایاب اور پیچیدہ آپریشن کے دوران 7 سالہ بچے کے معدے اور آنتوں سے بالوں، گھاس اور جوتے کے تسمے کا بڑا گچھا کامیابی کے ساتھ نکال لیا۔تفصیلات کے مطابق مدھیہ پردیش کے ضلع رتلام کے رہائشی بچے کو دو ماہ سے شدید پیٹ درد، قے اور تیزی سے وزن کم ہونے کی شکایت تھی، مدھیہ پردیش کے ایک نجی اسپتال میں علاج کے باوجود حالت بہتر نہ ہوئی تو اسے سول ہسپتال احمدآباد منتقل کیا گیا۔
ہسپتال میں سی ٹی اسکین اور اینڈوسکوپی میں بچے کے معدے اور آنتوں میں ایک غیر معمولی گچھے کی نشاندہی ہوئی، بعد ازاں ڈاکٹرز کی ٹیم نے ایکسپلوریٹری لیپروٹومی کے ذریعے یہ گچھا نکالا۔آپریشن کے بعد شبھم کو 6 روز تک کھانے پینے سے روکا گیا، ساتویں دن ڈائی ٹیسٹ کے ذریعے کامیاب سرجری کی تصدیق ہوئی، ماہرِ نفسیات نے بھی بچے رہنمائی کی تاکہ اس عادت کو روکا جا سکے جس کی وجہ سے یہ مسئلہ پیدا ہوا۔سول اسپتال احمدآباد کے ڈاکٹر نے بتایا کہ بچوں میں ٹریچوبیزوآر انتہائی نایاب ہے۔ اس کی شرح صرف 0.3 سے 0.5 فیصد تک ہے، والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں میں غیر معمولی عادات یا چیزیں کھانے کے رجحان پر نظر رکھیں تاکہ زندگی کو خطرے میں ڈالنے والی ایسی کیفیت سے بچا جا سکے۔