ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ میں 80 اور 90 کے عشرے میں راج کرنے والی اداکارہ سری دیوی کو ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں آئیفا آؤٹ اسٹینڈنگ ایوارڈ سے نوازا جارہا ہے۔1975 میں ریلیز ہونے والی فلم جولی میں چائلڈ ایکٹر کی حیثیت سے فنی کیرئیر کا آغاز کرنے والی وراسٹائل اداکارہ سری دیوی نے اپنی اداکاری کے ذریعے 80 اور 90 کی دہائی میں راج کیا اوربالی ووڈ میں اس وقت ان کا طوطی بولتا تھا،سری دیوی وہ اداکارہ تھیں جن کو مدنظر رکھ کر ان کا کردار لکھا جاتا تھا، 1999 میں سپرہٹ فلم جدائی کے بعد فلم انڈسٹری کو خیر باد کہہ کر انیل کپور کے بھائی پروڈیوسر بونی کپورسے شادی کرلی جن سے ان کی دو بیٹیاں ہیں۔ سری دیوی کی سپرہٹ فلموں میں صدمہ، تحفہ، ہمت والا، نگینہ، چاندنی،چالباز،مسٹرانڈیا،لاڈلا اورجدائی جیسی فلمیں شامل ہیں۔بڑے پردے پر راج کرنے والی سری دیوی نے فلم انگلش ونگلش کے ذریعے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ چاندنی گرل کی شہرت سے معروف سری دیوی کو ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں آئیفا آؤٹ اسٹینڈنگ ایوارڈ سے نوازا جارہا ہے۔رواں برس آئیفا ایوارڈز کی تقریب اسپین کے شہر میڈرڈ 23 سے 26 جون تک منعقد کی جارہی ہے۔ اسی تقریب میں سری دیوی کو آئیفا آؤٹ اسٹینڈنگ ایوارڈ 2016 سے نوازا جائے گا۔