ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)اپنی پہلی بولی وڈ فلم ’’صنم تیری قسم‘‘ کی ریلیز کے بعد سے پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کبھی پاکستان تو کبھی ہندوستان کے چکر لگا رہی ہیں۔اس بات کا اندازہ تو سب کو ہی ہے کہ ماورا حسین کو ہندوستان میں رہنا کافی پسند ہے اور اس بات سے پھر حیرانی بھی نہیں ہونی چاہیے اگر ہم آپ کو یہ بتائیں کہ اداکارہ ممبئی میں کرائے کا ایک گھر ڈھونڈ رہی ہیں۔بھارتی اخبار سے بات کرتے ہوئے 22 سالہ ماورا حسین کا کہنا تھاکہ ’میں گزشتہ سال سے ایک ہوٹل میں رہ رہی ہوں اور اب میں اس سے تھک چکی ہوں، مجھے اب اپنی خود کی جگہ چاہیے، میں کچھ عرصے سے ممبئی میں ایک گھر ڈھونڈ رہی ہوں اور میری یہ تلاش جلد ختم ہوجائے گی۔ماورا حسین کا مزید کہنا تھا کہ میں خانہ بدوش کی طرح زندگی گزار رہی ہوں اور مجھے ایک عام لڑکی کی طرح سکون کی طلب ہے، اپنی فلم صنم تیری قسم کی شوٹنگ کے دوران میں نے اپنی وینیٹی وین کو ہی اپنا کمرا بنالیا تھا۔ماورا نے ہندوستان میں رہنے والوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہاں بے حد محبت اور عزت ملی ہے۔ماورا جو کہ بولی وڈ فلموں کو دیکھتے ہوئے بڑی ہوئی ہیں وہ پریانکا چوپڑا سے بے حد متاثر ہیں۔ان کا کہنا تھا ’مجھے لگتا ہے کہ میرا اور پریانکا کا کیرئیر بے حد ملتا ہے، وہ امریکا اور ہندوستان میں شوٹنگ کر رہی ہیں جبکہ میں پاکستان اور ہندوستان میں کام کررہی ہوں، مجھے بے حد خوشی ہوئی تھی جب پریانکا نے ٹوئٹر پر میرے کام کی تعریف کی۔ماورا بولی وڈ میں اپنی اگلی فلم کا آغاز کرنے سے قبل چھٹیوں پر جائیں گی جس حوالے سے انہوں نے بتایا ’میں 20 دنوں کے لیے اپنی بہن کے ساتھ یورپ جاؤں گی جس کے بعد میں سڈنی، آسٹریلیا کا بھی چکر لگاؤں گی جہاں میرے والدین عید گزارتے ہیں۔