ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نے اپنی اہلیہ اداکارہ ایشوریا رائے کے درمیان اختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے رشتے سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں اور اپنی زندگی میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دوں گا۔بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے اور اداکارہ ابیشیک بچن کی 2007 میں شادی ہوئی تھی جس کے بعد دونوں اداکاروں کی جوڑی کو سب سے کامیاب جوڑی قراردیا جاتا ہے جو خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں جب کہ گزشتہ دنوں فلم ’’سر بجیت‘‘ کے پریمیئر شو میں ابھیشیک اپنی اہلیہ ایشوریا رائے کا ہاتھ جھٹک کر آگے چل دیئے تھے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پرتیزی سے مقبول ہوئی اور دونوں اداکاروں کے رشتے میں اتار چڑھاؤ کی خبریں آنے لگیں تاہم اب اداکار ابھیشیک نے اس واقعہ پر پہلی بار لب کشائی کی ہے۔ابھیشیک بچن کا کہنا تھا کہ ایشوریا اور میں ایک دوسرے سے کتنی محبت کرتے ہیں یہ ہم اچھی طرح جانتے ہیں اگر میڈیا اپنی مرضی سے کچھ سوچنا چاہتا ہے تو سوچ لے اس سے مجھے کوئی غرض نہیں ہے کیوں کہ میں ایک مشہور شخصیت ہوں اسی لیے میڈیا کو ہمیشہ خوش نہیں رکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میری شادی اور ذاتی زندگی ویسی نہیں ہے جیسا ہمارے رشتے سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں، میرے اور ایشوریا کے رشتے میں سچ کیا ہے سب جانتا ہوں لہٰذا کسی تیسرے کو اپنی زندگی میں مداخلت کی اجازت نہیں دوں گا۔