ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ اداکار گووندا اور نیلم کی آن سکرین جوڑی سپر ہٹ تھی۔ دونوں نے ایک ساتھ درجنوں فلمیں کیں، یہ جوڑی حقیقی زندگی میں بھی ساتھ آنا چاہتی تھی، لیکن کچھ ایسا ہوا کہ یہ جوڑی ٹوٹ گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 90ء کی دہائی کی کامیاب ترین فلمی جوڑی گووندا اور نیلم کی پہلی ملاقات فلم الزام کے سیٹ پر ہوئی تھی۔ دونوں کی جوڑی شائقین کو خوب پسند آئی اور یہ فلم ہٹ ہو گئی۔ فلم کی کامیابی کے بعد دونوں ستاروں کو ایک ساتھ کئی فلموں کے لئے آفر ملنے لگے جس کے بعد دونوں نے تقریبا ایک درجن فلمیں ساتھ کیں۔ اس دور میں شائع کئی اخبارات اور میگزین کی خبروں کے مطابق ساتھ ساتھ کام کرتے ہوئے نیلم اور گووندا قریب آنے لگے۔ کہا جاتا ہے کہ گووندا نیلم کے پیار میں اتنے پاگل ہو گئے تھے کہ ان کے کسی اور ہیرو کے ساتھ کام کرتے ہوئے برداشت نہیں کر پاتے تھے۔ تاہم گووندا کی ماں کو ڈائریکٹر انیل سنگھ کی بیوی کی بہن سنیتا بہت پسند تھیں۔ وہ کسی بھی قیمت پر گووندا کی شادی کرانا چاہتی تھیں۔ ماں کی ضد کے آگے آخر گووندا کو جھکنا پڑا اور انہوں نے نیلم کو چھوڑ کر سنیتا سے شادی کر لی۔ تاہم گووندا نے شادی کی بات کو ایک سال تک راز بنا کر رکھا اور جب ان کی بیٹی کی پیدائش ہوئی تو انہوں نے شادی کے بارے میں سب کو بتایا۔