ممبئی (این این آئی)ایک طرف جہاں کانز فیسٹیول میں ایشوریا رائے کے جامنی ہونٹوں کو تعریف و تنقید کا سامنا کرنا پڑا، وہیں بولی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن بھی اپنی بہو کے ’جامنی ہونٹوں‘ کے دفاع میں بول پڑے۔بولی وڈ لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق جب بگ بی سے ایشوریارائے کے ’جامنی ہونٹوں‘ کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ‘میں نے ایشوریا کو اس روپ میں تو نہیں دیکھا لیکن اس میں کسی کو کیا مسئلہ ہے؟خیال رہے کہ ایشوریا رائے کانز فلم فیسٹیول میں اپنے جامنی ہونٹوں کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنی رہیں اور سوشل ویب سائٹس پر ان کے منفرد انداز کا خوب چرچا ہوا تھا۔امیتابھ نے سابق مس ورلڈ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کو اپنے جذبات کے اظہار کا حق ہے ،اگر ایشوریا نے اپنے جذبات کا اظہار ’جامنی ہونٹوں’ سے کیا تو اس میں مسئلہ کیا ہے۔امیبتابھ بچن نے سوشل میڈیا کے قصیدے پڑھتے ہوئے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا کا دور ہے، سوشل میڈیا نے ہر کسی کو اپنے جذبات کا اظہار کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا، اس سے قبل ہم کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ لوگ ہمارے بارے میں کیا سوچتے ہیں، اب کم از کم سوشل میڈیا سے لوگوں کی مثبت اور منفی رائے تو سامنے آتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وقت بہت تیزی سے بدل رہا ہے، آج کل ہر کوئی بہت مصروف ہے، کسی کی توجہ حاصل کرنا مشکل ترین کام ہے۔بولی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن، جان بسوا کی آئندہ فلم ’تین‘ میں ودیا بالن کے مدمقابل ایکشن میں نظر آئیں گے۔