لاہور ( این این آئی) پاکستان فلم انڈسٹری کے سپر سٹار اداکار شان پاکستان کی سب سے بڑے بجٹ کی فلم ’’ ضرار ‘‘ کے کو ڈائریکٹر کے طور پر بھی کام کر رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی تاریخ کے بھاری بجٹ اور جدید ٹیکنالوجی سے بنائی جانے والی فلم ’’ ضرار ‘‘ کے لئے پروڈیوسر عدنان بٹ نے ہالی ووڈ کے ڈائریکٹر تھموتھی ہالم وڈ کی خدمات حاصل کی تھیں جنہوں نے پاکستان میں فلم کی عکسبندی کی ، ان کے ساتھ اداکار شان نے بھی بطور معاون ہدایتکار کے طور پر فرائض انجام دیئے ۔ ذرائع کے مطابق اداکار شان کا کہنا ہے کہ مجھے ہالی ووڈ کے ڈائریکٹر کے ساتھ کام کر کے نیا تجربہ ہوا ہے اور میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے اور جہاں تکنیکی طور پر کچھ چیزیں ایسی تھیں جس کے بارے میں نے ہدایات دیں ۔ انہوں کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر یہ فلم بین الاقوامی معیار کی فلم ہے جس کو پاکستان سمیت بین الاقوامی دنیا میں ریلیز کرنے کا پروگرام ہے ۔