ممبئی (این این آئی)بولی وڈ گلوکارہ، ماڈل اور اداکارہ پریانکا چوپڑا نے حال ہی میں اپنی ہولی وڈ ڈیبیو فلم ’بے واچ‘ کی شوٹنگ ختم کی ہے جس کے بعد اداکارہ واپس ایک ماہ کے لیے ہندوستان آگئی ہیں جس دوران وہ پورے 100 کروڑ روپے کمائیں گی۔فلم کی شوٹنگ کے بعد پریانکا کا ہندوستان واپس آنے کا مقصد چھٹیاں منانا نہیں بلکہ ان کا مزید مصروف شیڈول ہے۔اداکارہ اس ایک ماہ میں ہندوستان کے 24 برانڈز کی تشہیر کریں گی جن میں جیولیری، پھل اور پان مسالہ وغیرہ شامل ہیں۔فلم فئیر کی ایک خبر کے مطابق اداکارہ ان تمام برانڈز کافی بڑی رقم وصول کرنے والی ہیں جو کل ملا کر 100 کروڑ روپے ہوگی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ پریانکا کے پاس اس وقت کوئی بولی وڈ فلم نہیں، وہ ایک ماہ بعد ہولی وڈ میں اپنے شو ’کوائینٹیکو‘ کے دوسرے حصہ کی شوٹنگ کے لیے روانہ ہوں گی۔واضح رہے کہ پریانکا کی ہولی وڈ ڈیبیو فلم ’بے واچ‘ میں ان کے ہمراہ ہولی وڈ اداکار ڈیوین جانسن (دی راک) اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے جو اگلے سال سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔