لاہور ( این این آئی)سیشن عدالت نے فراڈ کے مقدمے میں ماضی کی اسٹیج اداکارہ سلومی رانا کی درخواست ضمانت مسترد کر دی جبکہ دیگر ملزمان کی ضمانتیں منظور کر لیں، سلومی رانا ضمانت منسوخ ہونے سے قبل ہی احاطہ عدالت سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئیں ۔گزشتہ روز ایڈیشنل سیشن جج چوہدری منیر احمد نے اداکارہ سلومی رانا اور اس کے ساتھیوں کی درخواست ضمانتوں پرفریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کررکھا تھا ۔ سلومی رانا اور اس کے ساتھیوں کے خلاف یہ مقدمہ شازیہ مجیب نامی خاتون کی درخواست پر درج کیا گیا ۔شازیہ مجیب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس نے اداکارہ سلومی رانا سے محافظ ٹاؤن میں 2007 ء میں مکان خریدا، کچھ عرصے بعد اداکارہ نے جعلی رجسٹری تیار کر کے وہی مکان کسی اور کو فروخت کر دیا۔اپنا حق مانگنے پر 2011 ء میں سلومی رانا نے میرے اور میرے خاوند کے خلاف جھوٹا مقدمہ بھی درج کروا دیا ۔ درخواست گزار شازیہ مجیب نے مزید بتایا کہ تفتیش میں سلومی رانا کے انگوٹھے اصلی ثابت ہونے پر مقدمہ ڈسچارج ہوا اور فراڈ ثابت ہونے پر اسلامپورہ پولیس نے سلومی رانا اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔سلومی رانا ایک ریکارڈ یافتہ اور فراڈ کرنے کی ماہر ہے ۔ اس کے خلاف فراڈ ، اغواء ، چوری سمیت مجموعی طور پرآٹھ سے زائد مقدمات درج ہیں ۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ سلومی رانا سمیت دیگر ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کی جائیں۔ فاضل عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے سلومی رانا کی ضمانت مسترد کر دی جبکہ دیگر ملزمان کی ضمانتیں منظور کر لیں ۔