ممبئی(نیوزڈیسک) بالی ووڈ میں اپنے کردار میں ڈھلنے والی اداکارہ کنگنا رناوت نے ایکشن ہیرو ہریتھک روشن کو گرفتار کرنے کے لیے درخواست پولیس کو دے دی۔بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت اور ہریتھک روشن کے درمیان لفظی جنگ کے بعد قانونی جنگ بھی شدت سے جاری ہے جب کہ دونوں اداکاروں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف قانونی نوٹس بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے تاہم اب کنگنا نے ایکشن ہیرو کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت نے اپنی وکیل کی وساطت سے اداکار ہریتھک روشن کی گرفتاری کے لیے پولیس کمشنر کو درخواست دی ہے جس میں اداکارہ نے ایک بار پھر ہریتھک روشن پر الزامات کی بارش کردی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اداکار ہریتھک روشن نجی ای میلز اورمیری فحش تصویریں میڈیا اور فلم نگری میں پھیلا رہے ہیں جس کے زریعے میری شہرت کو نقصان پہنچ رہا ہے اسی لیے اداکار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا جائے جب کہ پولیس کی جانب سے ان کی درخواست پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشہ ماہ اداکارہ کنگنا رناوت نے ہریتھک روشن کو اپنا سابقہ عاشق قرار دیا تھا جس کے باعث دونوں ستاروں میں لفظی جنگ کا آغاز ہوا تھا۔