لاہور(نیوز ڈیسک) لولی وڈ کے معروف ہدایتکار سید نور نے پاکستان کی آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے پر اپنی ایک فلم سے کلپ اور کہانی چوری کرنے کا الزام عائد کردیا۔شرمین عبید چنائے کو بیسٹ شارٹ ڈاکیو مینٹری کی کیٹیگری میں غیرت کے نام پر قتل کے حوالے سے تیار کردہ ڈاکیو مینٹری اے گرل ان دی ریور: دی پرائس آف فورگیونس پر آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا۔تاہم ہدایتکار سید نور نے شرمین پر اپنی 2سال پرانی فلم ”پرائس آف آنر“ سے کلپ چوری کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں سید نور نے کہا کہ شرمین عبید چنائے نے ان کی فلم کا موضوع اور نام بھی چوری کیا۔شرمین عبید چنائے نے ان کی فلم پرائس آف آنر کی نقل کی ہے، انہوں نے نہ صرف اس فلم کا موضوع بلکہ اس کا نام بھی چوری کیا۔جب سید نور سے پوچھا گیا کہ کیا وہ شرمین عبید چنائے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے تو انہوں نے کہا کہ ابھی تو ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں تاہم انہیں اس چوری پر بہت دکھ ہوا ہے۔اس موقع پر اداکار معمر رانا نے کہا کہ شرمین عبید چنائے نے اپنی ڈاکو مینٹری کے ذریعے دنیا کو پاکستان کا منفی چہرہ دکھایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شرمین عبید چنائے کو پاک افغان سرحد پر ڈرون حملوں اور اس کے اثرات پر فلم بنائیں۔