ممبئی(نیوز ڈیسک )سپر سٹار عامر خان کی طرف سے حال ہی میں کہا گیا تھا کہ وہ ملک میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کے پیش نظر بیوی بچوں کے ساتھ کسی دوسرے ملک میں سکونت اختیار کا ارادہ رکھتے ہیں۔اداکار کے اس بیان کے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سینئر اداکار انوپم کھیر کاکہنا تھا کہ سپر سٹار کواس قسم کا بیانات سے گریز کرنا چاہیے۔ انوپم کھیر نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹویٹر پر متعدد ٹویٹس میں عامر خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انھیں اپنے ہم وطنوں میں خوف کا نہیں بلکہ امید کا پرچار کر نا چاہیے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ عامر خان کوگزشتہ چھ یا سات ماہ کے دوران یہ احساس ہوا ہے کہ ملکی حالات کشیدہ ہو رہے ہیں اس سے پہلے وہ کہاں خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہے تھے۔انکا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں عامر خان کو ملکی عوام کی ہمت بندھانے میں مدد فراہم کرنی چاہیے نہ کہ حالات سے آنکھیں چراتے ہوئے اس ملک سے فرار کی راہ تلاش کرنی چاہیے جس نے انھیں عامر خان بنایا۔