اسلام آباد(نیوزڈیسک )بالی و وڈ اسٹار پریانکا چوپڑہ نے مس ورلڈ کا ٹائٹل جیتنے کے بعد بالی وڈ کا رخ کیا اور اپنے ٹیلنٹ اور محنت کے بل بوتے پر گزشتہ ایک عشرے سے فلم نگری پر راج کر رہی ہیں۔ وہی پریانکا چوپڑہ اب امریکی ٹی وی پر جگمگاتی نظر آئیں گی ’کوائن ٹیکو‘ سیریز میں۔اقوام متحدہ کی گڈول ایمبسیڈر رہنے والی اور لڑکیوں کی تعلیم کے لئے اقوام متحدہ کی گرل اپ چمپئین پریانکا چوپڑہ ’کوائن ٹیکو‘ میں ایف بی آئی ایجنٹ کا رول ادا کر رہی ہیں۔ایکشن اور ڈرامے سے مزین ’کوائن ٹیکو‘ کی پبلسٹی بھی بھرپور انداز میں کی گئی ہے اور گذشتہ چند ہفتوں کے دوران لاس اینجلس سے ٹورنٹو اور نیویارک تک ہر ’بل بورڈ‘ اور بس پر پریانکا چوپڑہ ہی جلوے بکھیرتی نظر آرہی ہیں۔امریکی ٹی وی سی این این سے بات کرتے ہوئے پریانکا چوپڑہ نے کہا کہ ’میں خوش ہوں کہ ٹی وی سیریز کے ذریعے مجھے امریکی شائقین سے جڑنے کا موقع مل رہا ہے۔ کچھ پریشان اور متمنی بھی ہوں۔ بالکل ویسے ہی جیسے اپنی پہلی فلم کی ریلیز کے موقع پر تھی، کیونکہ امریکی ٹی وی پر کام کرنے کا یہ میرا پہلا تجربہ ہے۔ مجھے امید ہے کہ امریکہ مجھے بطور ایکٹر قبول کر لے گا۔سیریز میں پریانکا ایف بی آئی ایجنٹ ایلکس پیرش کا کردار ادا کر رہی ہیں، جس پر نیویارک دہشت گرد حملوں میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جاتا ہے۔’کوائن ٹیکو‘ میں اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے پریانکا کا کہنا تھا ’اسے آپ جیسن بورن کا فیمیل ورڑن کہہ سکتے ہیں۔ ایلکس اسمارٹ ہے، ذہین اور خوبصورت ہے اور سخت جان بھی۔ لیکن بطور عورت حساس بھی ہے۔ یہ جدید دور کی عورت ہے جوکام کے ساتھ ساتھ اپنے رشتوں کوبھی نبھاتی ہے۔ وہ روبوٹ نہیں۔پریانکا چوپڑہ نے سیریز کے پروڈیوسر اور اے بی سی کو کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ مختلف ملکوں کے اداکاروں کو کاسٹ کا حصہ بنانے سے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں نیا پن بھی آتا ہے اور اداکاروں کو بھی کچھ نیا سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔پریانکا کے بقول، دنیا بہت چھوٹی ہوگئی ہے اور ہم سب گلوبل سیٹیزن ہیں۔ ایک عام سی لڑکی کسی بھی ملک کی ہوسکتی ہے اس کا کسی خاص خطے سے تعلق رکھنا اب ضروری نہیں رہا۔