ممبئی (نیوز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے طویل عرصے بعد بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہونے والی ہیں جس کے لیے بھرپور تیاریاں کی جارہی ہیں-جب ہی تو ایشوریا اور عرفان خان کی فلم ’جذبہ‘ یو اے ای میں عربی زبان میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بھارتی اخبار کے مطابق فلم کا ٹریلر سامنے آنے کے بعد یو اے ای میں رہنے والے بولی وڈ مداح اس فلم کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں اور اسی لیے فلم کو عربی سمیت مختلف بین الاقوامی زبانوں میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ہدایت کار سنجے گپتا کا کہنا ہے کہ اگرچہ فلم کی بین الاقوامی سطح پر ریلیز کی ابھی تصدیق نہیں کی جاسکتی مگر اسے ضرورت کے مطابق مختلف زبانوں میں ڈب کیا گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں کسی قسم کا دعویٰ نہیں کرنا چاہتا کہ ہم اسے دنیا بھر میں ریلیز کریں گے، مگر ہمارا ایسا ارادہ ضرور ہے، فلم کو یو اے ای میں ریلیز کیا جائے گا جس کے لیے اسے عربی میں ڈب کریں گے، جبکہ جنوبی امریکی زبانوں (اسپنش اور پرتگیز) اور انگلش میں بھی ڈبنگ ہوگی۔ایک کورین فلم سے متاثر فلم ”جذبہ“ کی کہانی ایک وکیل پر بنائی گئی ہے جس کی بیٹی کو اغوا کرلیا جاتا ہے جس کے بعد اس کی مدد ایک پولیس افسر کرتا ہے۔فلم”جذبہ“ 9 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔