نئی دلی(نیوز ڈیسک)بالی ووڈ ہیرو سلمان خان اپنی صاف گوئی کی وجہ سے خصوصی شہرت رکھتے ہیں اور ان کی ایک ایسی صاف گوئی نے بھارتی انتہا پسندوں اور حکومت کو چکرا کر رکھ دیا۔
بھارتی شہر ممبئی میں 2008ءمیں ہونے والی دہشتگردی، جسے 26/11 ممبئی حملوں کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے، کے بعد سلمان خان نے ایک پاکستانی نیوز چینل کو دئیے گئے انٹرویو کے دوران ایک ایسی بات کہہ دی کہ جس کی وجہ سے پورا بھارت ان کا دشمن ہوگیا۔
سلمان خان سے جب پوچھا گیا کہ دہشتگردی کے بعد بھارت میں پاکستان کے متعلق کیا جذبات ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ اس کے پیچھے پاکستانی حکومت نہیں ہے اور یہ ایک دہشتگردی کا حملہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ان حملوں کے بعد واویلے کی اصل وجہ یہ ہے کہ ان میں ایلیٹ لوگوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
انہوں نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں پہلے بھی ریل گاڑیوں اور شہروں میں حملے ہوچکے ہیں لیکن کسی نے بھی ان کے متعلق بات نہیں کی۔ ان حملوں کو اس لئے زیادہ اچھالا گیا کہ ان میں تاج اور اوبرائے جیسے فائیوسٹار ہوٹلوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ حملے بھارتی سیکیورٹی اداروں کی ناکامی کا ثبوت تھے۔ سلمان خان کے اس بیان کے بعد بھارتی عوام اور سیاستدانوں کے تن بدن میں آگ لگ گئی اور انہیں شدید تنقید اور بدترین مخالفت کا نشانہ بنایا گیا۔
اخبار ”ٹائمز آف انڈیا“ کے مطابق سلمان خان پر اس قدر دباﺅ ڈالا گیا کہ بالآخر انہوں نے اپنے بیان پر معذرت کرلی۔ فلم انڈسٹری کے رازوں سے واقف تجزیہ کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ سلمان اپنے موقف پر قائم رہے البتہ انہوں نے اپنے کیریئر اور کام کو لاحق خطرات کے پیش نظر معذرت کا بیان جاری کردیا۔
سلمان خان نے بھارتی انتہا پسندوں اور حکومت کو چکرا کر رکھ دیا
27
اگست 2015
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں