کراچی(نیوز ڈیسک) پاکستان اور بھارتی کے فنکاروں کے درمیان ہمیشہ تعلقات اچھے رہے ہیں اور ہم ہمیشہ اچھے ماحول میں کام کرتے رہے ہیں۔دونوں ممالک کے فنکار متعدد فلموں ڈراموں میں ایک ساتھ کام کرتے رہے ہیں،اس وقت بھی ہمارے فنکار انڈیا میں کام کررہے ہیں خوش آئند بات یہ ہے کہ اب پاکستانی فلمیں انڈیا میں بھی نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہیں جب کہ پاکستانی ٹی وی ڈرامے بھی بھارت میں بہت شوق سے دیکھے جارہے ہیں،ان تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں فنکار اہم کردار ادا کررہے ہیں کیونکہ بھارت میں بھی پاکستانی فنکاروں کو بے حد سراہا جاتا ہے ہمارے ڈرامے خاص طور سے وہاں بے حد مقبول ہیں۔یہ بات ادکار شکیل صدیقی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، انھوں نے کہا حال ہی میں نے بھارتی چینل سے پیش کی جانے والی کامیڈی سیریز ”کامیڈی کلاسک“ میں کام کیا، مجھے اس پروگرام کی وجہ بھارت میں بہت عزت ملی پہلے بھی کام کرچکا ہوں، بھارتی فنکاروں نے ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے ان کی بھی خواہش کہ وہ پاکستان آکر کام کریں ہم نے اس سلسلے میں ایک ایسے پروجیکٹ پر کام شروع کیا ہے جہاں دونوں ممالک کے فنکار ایک ساتھ کام کرسکیں گے میں نے بھارتی فنکاروں کو پاکستان آنے بھی دعوت دی ہے،امید ہے کہ اس نئے پروجیکٹ سے دونوں ممالک کے فنکاروں کو اور بھی قریب آنے کا موقع ملے گا۔