لاہور (نیوز ڈیسک ) فلمسٹار ثناءنے کہا ہے کہ عید الفطر اور اس کے بعد ریلیز ہونیوالی پاکستانی فلموں کی کامیابی سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ لوگ اچھی پاکستانی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں ، پاکستانی فلموں کی کامیابی فلم انڈسٹری پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور آنے والے وقتوں میں کراچی اور لاہور سے بہترین فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں گی ۔ صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ثناءنے کہا کہ ہمیں بھارتی فلموں سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہم ماضی میں بھی بھارت کے مقابلے میں محدود وسائل ہونے کے باوجود لازوال فلمیں تخلیق کر چکے ہیں ۔آج کے جدید دور میں جب نئی ٹیکنالوجی متعارف ہو چکی ہے پاکستانی ہدایتکار سینئر اداکاروں کے ساتھ نئے اداکاروں کو لے کر رحجان ساز فلمیں بنا سکتے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے کسی فلم میں چیلنجنگ کردار کی آفر ہوئی تو میں ضرور کام کروں گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں بڑی سکرین کے سحر کو دیکھ چکی ہوں اور اب چھوٹی سکرین پر کام کر کے انجوائے کر رہی ہوں۔