واشنگٹن(این این آئی) امریکی خلائی ادارے ناسا نے سیاحوں کے لیے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کھولنے کا اعلان کردیا۔امریکی خلائی ایجنسی کے مطابق انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کو 2020ء تک سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا، اس مدار اسٹیشن کو کھولنے کا فیصلہ سیاحتی مقاصد کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن روبین جینٹس کا کہنا ہے کہ سالانہ بنیادوں پر 2 پرائیویٹ خلانورد مشن مدار میں بھیجے جائیں گے ان کا دورانیہ 30 روز سے زیادہ کا ہوگا۔
انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن میں ایک رات گزارنے کا خرچہ 35 ہزار امریکی ڈالر ہوگا جو کہ پاکستانی 50 لاکھ سے زائد ہے۔ناسا ے سیاحوں کو مدار میں لے جانے کے لیے 2 کمپنیوں کی خدمات حاصل کی ہیں جو کہ ڈریگن کیسپول اور بوئنگ کے ذریعے مسافروں کو منزل تک پہنچائیں گے۔یہ پہلا موقع ہے کہ ناسا نے کمرشل بنیادوں کے لیے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کو کھولنے کا اعلان کیا ہے، قبل ازیں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کو کاروباری یا منافع کے حصول کے لیے پرائیویٹ خلانورد کو ممنوع قرار دیا تھا۔