اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے ملک بھر میں 5G سروس شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، وزارت برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 3G اور 4G موبائل براڈ بینڈ ٹیکنالوجی کے کامیابی سے اجراء کے بعد 5G سروس شروع کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جس سے اس شعبہ میں نئی سرمایہ کاری لانے میں مدد ملے گی۔ وزارت انفارمیشن و ٹیکنالوجی نے جدید دور کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ٹیلی مواصلات کے شعبہ میں
سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے سرمایہ کاروں کو پرکشش سہولیات کی فراہمی کے پیکج کی تیاری پر بھی غور شروع کر دیا ہے جس کے تحت ملک میں مزید نئے منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے دورے کے دوران ملک میں 5 جی سروسز لانچ کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 5 جی سروسز لانچ ہونے کے بعد اس شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔