لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار سست ،مسئلہ کب حل ہوگا؟ماہرین کاموقف سامنے آگیا، سب میرین کیبل کے متاثر ہونے کی وجہ سے پاکستان میں مسلسل دوسرے روز بھی انٹرنیٹ کی رفتار سست رہی ۔پروپاکستانی نامی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان کو دنیا سے ملانے والی آئی ایم ای ڈبلیو ای سب میرین کیبل متاثرہوئی ہے جس کے بعد اس کی بینڈوتھ پاکستان میں موجود نہیں ۔یہ بھی اطلاعات ہیں کہ عالمی سب میرین کیبل مزید ایک ہفتے سے پندرہ دن تک بند رہ سکتی ہے ۔آئی ایم ای ڈبلیو ای وہ کیبل ہے جو پاکستان میں دوتہائی انٹرنیٹ فراہم کرتی ہے اور اس کے بڑے صارفین میں سے پی ٹی سی ایل ایک ہے ۔پی ٹی سی ایل کاکہناہے کہ آئی ایم ای ڈبلیو ای کی عدم دستیابی کی صورت میں انٹرنیٹ کی فراہم کے لیے دیگرسب میرین کیبلز پر کام کررہے ہیں ۔