نیویارک (نیوزڈیسک) براعظم یورپ، امریکا اور آسٹریلیا کی فضائوں میں سفر کرنے والے لاکھوں مسافر عام طور پر 20 گھنٹے تک تھکا دینے والا سفر طے کرکے اپنی منزل پر پہنچتے ہیں لیکن اب ماہرین نے ایسے طیارے کا منصوبہ بنا لیا ہے جو اس سفر کو نہ صرف 90 منٹ میں طے کرے گا بلکہ آواز کی رفتار سے 20 گنا زیادہ تیزی سے سفر کرے گا۔ اس حیرت انگیز اور جدید ترین ہائپر سونک طیارے کو ”سپیس لائنر“ کا نام دیا گیا ہے جو ہائیڈروجن اور آکسیجن راکٹ کے ذریعے فضا میں 50 میل تک سفر کرے گا۔ یہ عام طیارے کی طرح رن وے پر بھاگتے ہوئے اوپر کی طرف نہیں اٹھے گا بلکہ خلائی شٹل کی طرح سیدھا اوپر کی جانب جائے گا اور خلائی شٹل کی طرح 2 حصوں میں تقسیم ہو جائے گا۔ اس کا ایک حصہ یعنی طیارے کو فضا میں لے جانے والا راکٹ واپس زمین کی طرف آ جائے گا اور طیارہ اپنی منزل کی جانب روانہ ہو جائے گا۔ طیارے کا وہ حصہ جس میں مسافر بیٹھے ہوں گے کرہ ارض کے اوپری سطح پر پہنچ کر 4.3 میل فی سیکنڈ کی رفتار سے سفر شروع کرے گا۔ طیارے میں 100 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی اور لینڈنگ عام جہاز کی طرح ہی کرے گا۔