اسلام آباد(نیوزڈیسک )بین الاقوامی محققین نے پانی کی سطح پرچھلانگیںلگانے والا روبوٹ تیار کیا ہے۔ اس روبوٹ کی خاصیت یہ ہے کہ یہ پانی میں ڈوبتا نہیں ہے بلکہ جس طرح ٹھوس زمین پر چھلانگ مارنے سے انسان یا کوئی چیز واپس زمین پر لوٹتی ہے بالکل اسی طرح یہ روبوٹ بھی پانی کی سطح پر چھلانگ لگا کر اس کی سطح سے جا لگتا ہے اور ڈوبتا نہیں ہے۔اس روبوٹ کی ٹانگیں بہت پتلی ہیں اور یہ بالکل ایک کیڑے کی طرح دکھائی دیتا ہے۔ سائنسدانوں کا اس روبوٹ کو بنانے کا مقصد سمندر، سیلاب اور سونامی کی طرح بڑے بڑے پانی کے طوفانوں میں ریسکیومشن کے دوران تلاش اور مدد کو یقینی بنانا ہے۔ اس روبوٹ کا وزن صرف 68ملی گرام ہے اور یہ صرف 2سینٹی میٹر لمبا ہے۔ہارورڈ اور سیل نیشنل یونیورسٹی کے محققین نے اس روبوٹ پر مختلف تجربات کئے۔ انہوں نے تجربے کے دوران مشاہدہ کیا کہ اس روبوٹ کی ٹانگیں پانی کی قوت والی سطح پر آہستہ آہستہ حرکت کرتی ہیں۔سائنسدانوں نے اس ڈیوائس کیلئے غلیل کی طرح کا بل دار اور واپس لوٹ آنے والا میکانزم تیار کیا ہے۔ سائنسدانوں کو توقع ہے کہ مستقبل کے ایسے روبوٹ نہ صرف پانی کی سطح پر تیر سکیں گے بلکہ طوفانوں میں زندگی کی بقا اور امدادی کاموں میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔