لاہور ( این این آئی ) لاہور کے علاقہ ڈیفنس میں طالبات کی جانب سے اپنی کلاس فیلو پر تشدد کے معاملے پر انکوائری رپورٹ کی سفارشات پر نجی سکول کی رجسٹریشن معطل کر دی گئی ۔ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی نے ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کی
انکوائری رپورٹ کی سفارشات پر فریقین کے دلائل سنے۔نجی سکول سکارڈیل کے مالک جنرل زاہد علی اکبر اور سکول پرنسپل رومولڈ ڈیلٹا بھی پیش ہوئے۔ڈی سی لاہور محمد علی نے اگلی سماعت تک سکول کی رجسٹریشن معطل کر دی۔رجسٹریشن معطلی کے دوران سکول کے امور دیکھنے کے لیے سی ای او ایجوکیشن کو ہدایت کر دی گئی ۔ سکول انتظامیہ کو اگلی سماعت پر انکوائری رپورٹ کی سفارشات کی بابت اپنا جواب جمع کروانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔ طالبات کے والدین نے کوئی تحریری جواب جمع نہ کروایا۔والدین کو اگلی سماعت پر اپنا تحریری جواب جمع کروانے کی ہدایت کر دی گئی ۔ سی ای او ایجوکیشن کو والدین کو نوٹس جاری کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ۔