لاہور ( این این آئی) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر عمران خان کے گھر کو این آر او دینے کا الزام حقیقت میں عدلیہ کو بدنام کرنے کی سازش ہے، عدلیہ کو اس الزام کا نوٹس لینا چاہیے
اور جامع تحقیقات کروانی چاہئیں۔ انہوں نے (ن) لیگ کی طرف سے عمران خان کے گھر کو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا این آر او دینے کے الزام پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم نے عدلیہ اور فوج کو بدنام کرنے کی گھنائونی مہم شروع کر رکھی ہے، جو کوئی انہیں ملک لوٹنے کی چھوٹ دے وہ ٹھیک باقی سب برے ہیں، ملک کی بگڑی صورتحال کو سنبھلنے کی بجائے نا اہل لوگ اداروں کو بدنام کر رہے ہیں۔ معیشت کی یہ صورتحال ہے کہ ان کے پاس لوگوں کو تنخواہیں دینے کے پیسے نہیں۔ فیاض چوہان نے کہا کہ جو کوئی ان کے کالے کرتوتوں کی پوچھ گچھ کرے وہ برا بن جاتا ہے، این آر اوز تو انہوں نے لئے ہیں جنھوں نے اربوں روپے ہڑپ کئے اور فرار ہو گئے، احتساب کو انتقام کا نام دے کر یہ لوگ فرار حاصل نہیں کر سکتے ، اصل طاقت عوام ہیں جو اب ان کا احتساب کریں گے۔