اسلام آباد،لاہور (این این آئی)پی ٹی آئی ممنوعہ غیر ملکی فنڈنگ کیس میں اکبر ایس بابر کی سکروٹنی کمیٹی کے اجلاس میں لیپ ٹاپ استعمال کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اکبر ایس بابر نے ٹیکنیکل افراد کی جانب سے اجلاس کے دوران لیپ ٹاپ استعمال کی
درخواست دی تھی،الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر کو 14 اپریل کے فیصلے میں صرف ریکارڈ اور دستاویزات کا جائزہ لینے کی اجازت دی تھی۔ پیر کو الیکشن کمیشن نے کہاکہ اکبر ایس بابر کی ریکارڈ جائزہ کے دوران لیپ ٹاپ استعمال کی درخواست مسترد کرتے ہیں ، الیکشن کمیشن کے 14 اپریل کے فیصلے پر سکروٹنی کمیٹی اور فریقین عملد درآمد کریں ،اسکروٹنی کمیٹی الیکشن کمیشن کے ٹی آر او کے مطابق مناسب حکم جاری کر سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے کہاکہ سکروٹنی کمیٹی اپنے اختیارات کا معقول انداز سے استعمال کر سکتی ہے ، جماعتیں غیر ضروری معاملات اور اعتراضات نہ اٹھائیں ۔دوسری جانب احتساب عدالت نے چوہدری برادران کے خلاف انکوائریزبند کرنے کے حوالے سے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔احتساب عدالت کے جج شیخ سجاد نے چوہدری برادران کیخلاف 3 انکوائریاں بند کرنے کے کیس کی سماعت کی ۔ نیب کی جانب سے ریکارڈ اور تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی گئی ۔عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کے دلائل سن کر فیصلہ محفوظ کر لیا۔