نارووال ( آن لائن ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ورکن قومی اسمبلی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمارا جہانگیر ترین کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے، ہم تو منتظر ہیں کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم عمران خان کب جہانگیر ترین کو این آر او دیتے ہیں اس وقت حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ۔
اخبارات میں اشتہار دینا پڑے گا کہ حکومت کہاں گئی؟ نا اہل حکومت نے فوج کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد جبکہ سول مشینری کو مخالفین کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات بنانے پر لگایا ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کورونا ویکسی نیشن کا انتظام کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ، حکومت کے پاس عیاشی کیلئے پیسے ہیں لیکن ویکسین کیلئے نہیں ہیں ، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے فوج کی ضرورت ہے تو سول ادارے کس لئے ہیں ، کورونا کے باعث سیاسی سرگرمیوں کو محدود کر رکھا ہے مگر پی ڈی ایم کی تحریک پر زور طریقے سے آگے بڑھے گی ، ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ ہمارا جہانگیر ترین سے کوئی رابطہ نہیں ، ہم تو منتظر ہیں کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم عمران خان اپنے دوست جہانگیر ترین کو کب این آر او دیں گے۔