اسلام آباد( آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے سابق عہدیدار اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عمران خان کی جماعت نہیں ہے۔فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی 5 سال سے بھاگنے کی کوشش کر رہی ہے۔ جمعرات کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ سپریم کورٹ میں عمران خان نے میری ممبرشپ کو چیلنج کیا تاہم ہر عدالت اور
فورم نے میرے حق میں فیصلہ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس وکیل کی بیماری کی وجہ سے ملتوی کیا گیا ہے جبکہ پی ٹی آئی نے 2013 کی جانچ پڑتال سے انکار کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے مئی کے آخر میں اسکروٹنی کمیٹی کوحتمی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔اکبر ایس بابر نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی 5 سال سے بھاگنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی عمران خان کی جماعت نہیں ہے۔ پارٹی عمران خان کے نام سے نہیں تحریک انصاف کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔ہم نے عمران خان کو بھرپور سپورٹ کر کے اس مقام تک پہنچایا۔ تحریک انصاف بڑے مقصد کے لیے بنی تھی لیکن جب پارٹی کا سربراہ بادشاہ بن جائے تو ارکان کو اپنی رعایا سمجھ لیتا ہے۔اکبر ایس بابر نے کہا کہ جہانگیر ترین کے پارٹی ممبر بننے سے قبل ہی میرے عمران خان سے اختلافات شروع ہو گئے تھے اور جب عمران خان مدینہ کی ریاست کی بات کرتے ہیں تو یاد رکھے کہ تب نیب نہیں تھا۔ریاست مدینہ میں احتساب خود سے کیا جاتا تھا۔ احتساب سب کا ہونا چاہیے چاہے وہ عمران خان ہو، جہانگیر ترین ہو یا خسرو بختیارہو۔جب بڑے بڑے مگر مچھ پکڑے جائیں گے تو نظام بہتری کی جانب گامزن ہوگا۔