اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) دل کے ارماں آنسوئوں میں بہہ گئے ،ہم وفا کرکے بھی تنہا رہ گئے ، دلہن ایک رات کی،زیورات نقدی ، قیمتی اشیاء چھو منتر، دلہن فرار، والدین پر غشی کے دورے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی، تفصیلات کے مطابق مردان صوابی سے
بیاہ کر لائی جانے والی نئی نویلی دلہن دلہے کو بہوش کرکے طلائی زیورات نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئی، دلہے اور اہل خانہ پر غشی کے دورے ، ولیمے کے انتظامات دھرے کے دھر ے ر ہ گئے ،دلہا لقمان گونگا بہرہ ہے جس کے لواحقین نے ایجنٹ کے ذریعے 4 لاکھ سے زائد رقم ادا کر کے بیٹے کا نکاح کیا تھا ،اس حوالے سے محمد لقمان کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بیٹے کی شادی گذشتہ روز مردان کے علاقہ صوابی کی رہائشی نازیہ بی بی نامی لڑکی کے ساتھ کی،ہم بڑے ارمانوں کے ساتھ دلہن بیاہ کر لائے اور خوشیاں منائیں لیکن ہمیں یہ معلوم نہیں تھا کہ یہ خوشی عارضی ہے، رات کو دلہا ،دلہن اپنے کمرے میں سونے کیلئے چلے گئے، صبح نہ اٹھنے پر جب میں اپنے بیٹے کے کمرے میں گئی تو میرا بیٹا لقمان بیہوش پڑا تھا جبکہ میری بہو کمرے سے غائب تھی ، ادھر ادھر دیکھنے پر علم ہوا کہ دلہن زیورات نقدی قیمتی اشیاء کپڑوں سمیت جمع پونجی لوٹ کر فرارہو چکی تھی، جمع پونجی لٹنے کے بعد
گھر والوں پر غشی کے دورے پڑنا شروع ہوگئے، دلہن کے ساتھ ایک مرد بھی آیا تھا جس کا اس نے بتایا تھا کہ اسکا بھائی ہے ،دلہے لقمان کے لواحقین کی طرف سے 500 سے زائد رشتہ داروں کیلئے ولیمے کی دعوت کے انتظامات کر رکھے تھے جومیرج ہال والوں نے سارا کھاناہمارے گھر بھجوا دیا ، وقوعہ کے بارے علم ہونے پر تھانہ صدر پولیس نے تحقیق شروع کر دی ہے۔