لاہور(این این آئی)سیاہی اور انڈے پھینکنے والے ملزم غلام عباس نے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے دی ۔درخواست مجسٹریٹ کے روبرو دی گئی ۔غلام عباس کی جانب سے عدالت میں دی گئی درخواست کے متن میں کہاگیاکہ مجھ
پر تشدد ہوا میرا بیان ریکارڈ کر کے شہباز گل پر مقدمہ درج کیا جائے ۔میں نے پولیس کو اپنا بیان بھی دیا لیکن میرا بیان ریکارڈ نہیں کیا گیا ۔شہباز گل نے اپنے ساتھیوں کے زریعے مجھے پکڑنے اور تشدد کا کہا ،عدالت شہباز گل پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔دریں اثناجوڈیشل مجسٹریٹ نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل پر حملہ کرنے والے ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ۔تھانہ انار کلی پولیس نے ملزمان محمد عتیق الرحمان،طارق جنید اورغلام عباس کو جوڈیشل مجسٹریٹ وسیم مختار کے رو برو پیش کر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ۔ عدالت نے زخمی ملزم کی میڈیکل رپورٹ طلب کی اور بعد ازاںدلائل سننے کے بعد تینوں ملزمان کو تین روز ہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل پر حملے کا سخت نوٹس لے لیا۔ جسٹس ملک شہزاد احمد نے سی سی ٹی وی
کے ذریعے شناخت کرکے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کا حکم دیدیا ۔ فاضل عدالت نے حکم دیا کہ پولیس کسی بے گناہ کے ساتھ زیادتی نہ کرے ،ہائیکورٹ میں آنے والا ہر شحص قابل احترام ہے ،شہباز گل پر سیاہی اور انڈے پھینکنے کے عمل پرتشویش ہے ،ہائیکورٹ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ذمہ داروں کی شناخت کی جائے ۔