کوئٹہ/پشاور(این این آئی) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں اپوزیشن کی کامیابی دراصل پی ڈی ایم کے بیانیہ کی ناکامی اور اسٹیبلشمنٹ کی کامیابی ہے۔ وہ بدھ کو جمعیت علماء اسلام پاکستان کے
سینئر رہنماؤں مولانا گل نصیب خان اور مولانا شجاع الملک سے مشاورت اور گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سینٹ کے الیکٹورل کالج کو ختم کرنے، تمام اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے اور کسی ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا دو ٹوک اور متفقہ فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اس وقت ہم نے کہا تھا کہ یہ محض ”لیڈر بھبکی” ہے اور پی ڈی ایم کے اس متفقہ فیصلے کو بھی یکطرفہ طور پر بلاول زرداری ویٹو کریں گے ہم جن خدشات کا اظہار عرصہ سے کرتے رہے تھے وہ ایک ایک کرکے سامنے آرہے ہیں، حافظ حسین احمد نے کہا کہ پی ڈی ایم ضمنی الیکشن میں کامیاب ہونے والوں کو فوراً حلف دلائیں کیوں کہ ابھی ان کو استعفیٰ بھی دینا ہے، انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے ضمنی الیکشن کا دانہ ڈال کر پیپلز پارٹی کے ذریعے پی ڈی ایم کو جال میں پھنسا دیا اب تو استعفے بھی پی ڈی ایم کے رہنماؤں کے جیبوں میں ہی گل سڑ جائیں گے۔