اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لوگوں تک ریلیف پہنچانے کیلئے انتظامی اصلاحات کو معینہ مدت میں عملی جامہ پہنایا جائے،بہتر گورننس کے حوالے سے پیش آنے والی کسی بھی رکاوٹ کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرکے اقدامات پر عملدرآمد کو مزید تیز بنایا جائے ،کرپٹ عناصر کیخلاف قانونی کارروائی
یقینی بنائی جائے ،فلاحی ریاست میں امیر اور غریب کیلئے قانون میں تفریق نہیں ہوتی،سزا اور جزا کے نظام کو مضبوط کئے بغیر اصلاحات ممکن نہیں۔جمعرات کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت گورننس ایکشن میٹرکس کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں متعلقہ وفاقی و صوبائی افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کو انتظامی امور کی بہتری کیلئے اٹھا ئے گئے اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ عوام کے ریلیف، شکایات کے اندراج سے لے کر انکے حل ، کھلی کچہریوں کا انعقاد، محکمہ مال سے متعلقہ مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل، ون ونڈو آپریشن کا قیام، سرکاری دفاتر میں عوام کی سہولت کاری اور مقامی سطح پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کا عملی طور پر نفاذ کیا جا چکا ہے۔وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ پنجاب میں گورننس کی بہتری کو یقینی بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات پر عملدرآمد کا سلسلہ شروع کیا جا چکاہے اور اس میں تیزی لائی جا رہی ہے۔ وزیرِ اعظم کو خیبر پختونخوا میں بھی شکایات کے بروقت تدارک، انضمام شدہ اضلاع کی انتظامیہ سے کوارڈینیشن، روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں کی کڑی نگرانی اور اسکے نتیجے میں صوبے میں آٹے کی قیمت میں واضح کمی کے بارے آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے ان اقدامات کو سراہتے
ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بہتر گورننس کے حوالے سے پیش آنے والی کسی بھی رکاوٹ کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرکیاقدامات پر عملدرآمد کو مزید تیز بنایا جائے۔مزید وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ لوگوں تک ریلیف پہنچانے کیلئے انتظامی اصلاحات کو معینہ مدت میں عملی جامہ پہنایا جائے،کرپٹ عناصر کے خلاف قانونی کاروائی یقینی بنائی جائے کیونکہ فلاحی ریاست میں امیر اور غریب کے لئے قانون میں تفریق نہیں ہوتی۔ سزا اور جزا کے نظام کو مضبوط کئے بغیر اصلاحات ممکن نہیں۔