لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے سابق پی ٹی آئی رہنمائوں کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی،پی ٹی آئی کی پرانی قیادت نے ”ریلیز بانی پی ٹی آئی تحریک ”چلانے پر مشاورت کی،اسٹیبلشمنٹ اور مسلم لیگ (ن)کی قیادت سے بھی رابطہ کرنے پر مشاورت کی گئی۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ تحریک میں فواد چوہدری، علی زیدی، عمران اسماعیل، محمود مولوی اور سبطین خان شامل ہوں گے، ملاقات میں ملک میں سیاسی درجہ حرارت کم کرنے پربھی اتفاق کیاگیا،پی ٹی آئی کے سابق رہنماوں نے شاہ محمود قریشی کو مذاکرات کے ذریعے معاملات سلجھانے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں شاہ محمود قریشی پر زوردیاگیاکہ وہ سیاسی تنازعات حل کرنے میں کردار ادا کریں۔اس موقع پر گفتگومیں کہاگیاکہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت عمران خان کو جیل سے باہر نہیں نکال سکتی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔















































