اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے لاہور میں زیرِ زمین پانی کی سطح بلند کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس کے تحت شہر بھر میں ایک ہزار گراؤنڈ واٹر ریچارج ویلز تعمیر کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں پانی کی کمی پر قابو پانے اور زیرِ زمین سطح کو بحال رکھنے کے لیے یہ بڑا اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے لبرٹی چوک پر واقع ریچارج ویل سائٹ کا دورہ کیا، جہاں ایم ڈی واسا غفران احمد نے انہیں منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریچارج ویل کے ذریعے یومیہ 8 ہزار گیلن پانی زمین میں جذب کرنے کی صلاحیت موجود ہے، جبکہ لاہور میں اس وقت تین ویلز فعال ہیں۔ منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں 15 مختلف مقامات پر مزید ریچارج ویلز تعمیر کیے جائیں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نورالامین مینگل نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جدید انجینئرنگ تکنیکوں کو استعمال میں لایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ایچ اے لاہور شہر کے تمام پارکس میں ریچارج ویلز کے لیے مخصوص جگہ فراہم کرے گی۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہدایت کی کہ منصوبے پر عمل درآمد کے دوران درختوں اور ماحولیات کا خاص خیال رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور پانی کے تحفظ کے لیے یہ ایک اہم پیش رفت ہے، جبکہ واسا پنجاب کے زیرِ انتظام صوبے بھر میں مزید گراؤنڈ واٹر ریچارج پوائنٹس قائم کیے جائیں گے تاکہ منصوبے کے نتائج دیرپا ثابت ہوں۔















































