اسلام آباد / (آن لائن )وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سانحہ مچھ پر اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعظم کی کوئٹہ متوقع روانگی پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ملکی سیکیورٹی صورتحال، قومی امور کا جائزہ اور مچھ متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق بھی غور کیا
جلاس میں وفاقی وزراء اور تحریک انصاف کے سینیئر رہنما شریک ہوئے، وزیراعظم کو سانحہ مچھ سمیت ملکی سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ کوئٹہ پر بھی مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس کو سانحہ مچھ کی اب تک کی تحقیقات سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ذرائع کے مطابق اب تک وزیراعظم عمران خان کی کوئٹہ روانگی کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے، ممکن ہے کہ سیکیورٹی خطرات کی وجہ سے ان کی روانگی کا وقت خفیہ رکھا جائے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومتی قواعد کے مطابق متاثرین کی مالی امداد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور وزیر اعظم نے ہدایت جاری کی کہ وزارت داخلہ مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کے لیے مستقل حل نکالے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہزارہ برادری کے تحفظ کے لیے خصوصی سیکیورٹی نظام بنایا جائے۔بلوچستان میں امن ملکی ترقی کی ضمانت ہے۔ اجلاس میں سینیٹ انتخابات پر بھی مشاورت کی گئی اور مثبت معاشی اعشاریوں پر بھی اعتماد کا اظہار کیا گیا۔