نارووال (آن لائن ) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ عالمی قوتوں نے فنڈنگ سے عمران خان کو ملک پر مسلط کیا۔ انہیں معیشت کی تباہی اور سی پیک بند کرنے کا ٹاسک دیا گیا، وزیراعظم نے دونوں کام کر دئیے۔احسن اقبال کا نارووال
میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکمران اناڑی ہی نہیں نالائق بھی ہیں۔ اب آج عمران خان خود چیخ اٹھے ہیں کہ مجھے نہیں پتا حکومت کیسے چلاتے ہیں۔ آج اکیس کڑور لوگ ان سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا۔ ترقی کرتے صوبہ پنجاب کا بھی بیڑا غرق کر دیا گیا۔ اگر ہم نے پاکستان کو مضبوط بنانا ہے تو ووٹ کو عزت دینا ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ووٹ کی حفاظت اور عزت کے لیے ٹکرا جائیں گے۔ ہم اپنے قائد نواز شریف کے بیانیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ نواز شریف ہمارا پیرو ہے، اس نے بیرونی دباؤ کا سامنا کیا اور ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ انٹرنیشنل قوتوں نے بیرونی فنڈنگ سے عمران خان کو ملک پر مسلط کیا اور دو ٹاسک دیے کہ وہ معیشت تباہ اور سی پیک بند کرے، سیلیکٹڈ نے دونوں کام بخوبی کر دکھائے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اس ملک کی بربادی کی علامت بن چکا ہے۔ ان کے وسیم اکرم پلس نے پنجاب برباد کر دیا۔ پاکستان کو بچانا ہے تو اس کرپٹ حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا۔