اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)شدید موسم سرما کے دوران پنجاب کے کسانوں نے گنے کی کٹائی کم کر دی ہے، ملک کی 88شوگر ملوں کو گنے کی رسد کم ہونے کی وجہ سے چینی بننے کی رفتار سست ہو گئی ہے۔
روزنامہ جنگ میں حنیف خالد کی شائع خبر کے مطابق چینی کے ایکس ملز ریٹ جو چند روز پیشتر کم ہو کر 70روپے کلو ہو گئے تھے اب پھر بڑھنا شروع ہو گئے ہیں۔ جنوب کی شوگر ملوں کے ایکس ملز ریٹ 74روپے پچاس پیسے فی کلو 19دسمبر ہفتہ کو ہو گئے جبکہ وسطی پنجاب کی شوگر ملوں کے ریٹ سندھ سے 2روپے کلو زیادہ 76روپے پچاس پیسے فی کلو کر دیئے گئے ہیں۔ اسی طرح صوبہ خیبر پختونخوا کی شوگر ملوں نے پنجاب سے بھی پچاس پیسے زیادہ ایکس ملز ریٹ مقرر کئے ہیں اور 19دسمبر ہفتے کو انہوں نے اپنے ڈیلروں کو چینی سپلائی کی ،اس طرح تین روز میں چینی کے ریٹ شوگر ملز مالکان نے 7روپے کلو بڑھا دیئے گئے ہیں۔