اسلام آباد،لاہور ( آن لائن )انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس سے کورونا کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اسے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ریکٹر یونیورسٹی کے مطابق کورونا کیسز کے پیش نظرانٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کو 29 اکتوبر تک بند رکھا جائے گا۔
ڈی ایچ او ضعیم ضیا نے بتایا کہ یونیورسٹی میں دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو سیل کیے جانے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ اس سے پہلے قائد اعظم یونیورسٹی میں بھی 5کرونا کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد اسے بند کرنے کا فیصلہ سامنے آیا تھا۔دریں اثنا کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر لاہور کے میو اسپتال میں روٹین آپریشن بند کر دیے گئے ہیں۔میو ہسپتال کے شعبہ سرجری کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر اصغر نقی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا کیسز میں اضافہ ہونے پر اسپتال میں روٹین کے آپریشن تاحکم ثانی روک دیے گئے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر اصغر کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی اور کینسر کے مریضوں کی سرجریز معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔