لاہور (آن لائن)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل بنیادی حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہے ،عمران خان کے کرتارپور رہداری کے فیصلے کو خوب سراہا گیا۔ہماری حکومت دین اسلام قرآن و آئین پاکستان کی تعلیمات ،اور بانی پاکستان کے احکامات کے مطابق اقلیتوں کو سہولیات دے رہی ہے ،بابا گور ونانک مسلمانوں سے خصوصی عقیدت رکھتے تھے
ان سے امن محبت اور یکانگت کا درس ملتا ہے چیئرمین ڈاکٹر عامر احمد کی خدمات اور ٹرسٹ بورڈ کی بہتری کے لیے اقدامات کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔انہوںنے انتہائی کم عرصہ میں بورڈ کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ سمیت اسکی نیک نامی اور ہندو اور سکھوں کی فلاح و بہبود کے لیے قابل قدر اقدامات کیے ہیں موٹر وے سانحہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور اس میں ملوث ملزمان کو سخت سزائیں ملنی چاہیں ملک میں مذہبی منافرت پھیلانے والے ملک و قوم کے مخلص نہیں ۔یہ باتیں انہوںنے متروکہ وقف املاک بورڈکے زیر اہتمام کرتار پور راہداری کی ویب سائٹ اور تاریخی گورو دواروں پر مشتمل کتاب کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔تقریب میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹن ،سردار رمیشن سنگھ اروڑا ایم پی اے ،سیکرٹری بورڈ ثناء اللہ خان ،سیکرٹری ایجو کیشن سید سفیر حسین شاہ ،ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز طارق وزیر ،ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل ،فراز عباس ،پی آر او عامر حسین ہاشمی ،ایڈمنسٹریٹر لاہور وہاب گل ،ہندو رہنما ڈاکٹرمنور چاند،ڈاکٹر بدر منیر سمیت دیگر مختلف اقلیتی و مذہبی رہنمائوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہم محبتوں کے سفر میں ایک اور سنگ میل عبور کرنے جا رہے ہیں ہمسایہ ملک سے آنے والے یاتریوں کو تمام تر سہولیات دی جاتی ہیں جبکہ اسکے
بر عکس ہمسایہ ملک بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک کیا جاتا ہے اور کشمیر میں مسلمانوں پر جو ظلم کیا جا رہا ہے اسکی وجہ سے دنیا بھر میں بھارت کو ذلت و رسوائی کا سامنا ہے ۔وزیر اعظم عمران خان اقلیتوں سے خصوصی محبت رکھتے ہیں اور و ہ اپنے وعدوں کی جلد از جلد تکمیل کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں اور انکی قیادت میں ملک ترقی اور خوشحالی کی جانب
گامزن ہے ۔انہوںنے ٹرسٹ بورڈ کی جانب سے کرتار پور رہداری کی ویب سائٹ اور پاکستان میں موجود تاریخی گورو داروں کو تحریری شکل دینے اور اقلیتوں کے مذہبی مقامات کی حفاظت اور انکی فلاح وبہبود کے لیے کیے گئے اقدامات کوسراہتے ہوئے خوب الفاظ میں تعریف کی بورڈ چیئرمین ڈاکٹر عامر احمد نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ دنیا بھر کے افراد کی اس ویب سے رہنمائی ملے گی
اور مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا۔کرتاپور رہداری کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کی نیک نامی اور عزت و وقار میں اضافہ ہوا ہے جبکہ اقلیتوں اعتماد میں بہتری آئی ہے ۔ہم وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویثرن کے مطابق ہندئوں اور سکھوں کی خدمت اور انکے مذہبی مقامات کی حفاظت کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں ۔ٹرسٹ بورڈ کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے آمدن میں
خاطر خواہ اضافہ کے ساتھ ساتھ مثبت تبدیلی آئی ہے ،گورو دوارہ جنم استھان تاریخی اہمیت کا حامل ہے یہاں آنے والوں کو اسکی خوبصورتی دل کو بھائے گی ۔تقریب سے وفاقی پالیمانی سیکرٹری آفتاب جہانگیر،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری سردار مہندر پال سنگھ ،پردھا ن PSGPC سردار ستونت سنگھ ،جنرل سیکرٹری سردار امیر سنگھ ،پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل سمیت دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں ٹرسٹ بورڈ کی جانب سے ویب سائٹ اور کتاب کی رونماء کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ
اسکے ذریعے دنیا بھر کے افراد کو رہنمائی اور مدد ملے گی ۔انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں گورو دواروں اور مندروں کی بہترین حفاظت اور خوبصورت تنزئین و آرائش کی جا رہی ہے اور ملک اور بیرون ملک میں بسنے والی اقلیتوں کے اعتماد میں اضافہ قابل تعریف ہے ،ٹرسٹ بورڈ انتظامیہ کی کارکردگی کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔آخر میں وفاقی وزیر نے کمپوٹر کا بٹن دبا کر ویب سائٹ کا افتتاح کیا اور کتاب کی رونماء کرتے ہو تحائف بھی دیئے ۔