اسلام آباد( آن لائن )اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس عامرفاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف توہین آمیز تقریر کیس کے ملزم افتخار الدین کی ضمانت منظور کرلی۔
سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ اور ایف آئی اے حکام عدالت پیش ہوئے،چیف جسٹس نے درخواست گزار وکیل سے کہاکہ آپ کو معلوم ہے نا کہ ملزم نے جج اور عدلیہ سے متعلق کیا کہا ہے؟جس پر وکیل نے کہاکہ ملزم اس بیان میں اپنے الفاظ کی حد تک معافی مانگ چکے ہیں،جسٹس عامرفاروق نے کہاکہ توہین عدالت کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے، ہم تو ضمانت دیکھ رہے ہیں،چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ یہ پوری عدلیہ کے وقارکو مجروح کرنے کا معاملہ ہے،اس پر وکیل درخواست گزارنیکہاکہ ملزم کا وہ بیان ہم نے اپلوڈ یا وائرل نہیں کیا،ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ ملزم کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت ہتک عزت اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے،چیف جسٹس نے کہاکہ ہم فیئر ٹرائل کو یقینی بنانے کے لیے ضمانت منظور کر رہے ہیں،عدالت نے10لاکھ روپے مالیتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظورکرنے کاحکم سنادیا۔