کراچی(این این آئی)ماہرین صحت نے شہرقائد میں اسمارٹ لاک ڈائون کے بجائے 14 دن کے مکمل لاک ڈائون پر زوردیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان میں اس وقت کورونا کے جتنے مریض سامنے آرہے ہیں اور جتنی اموات ہورہی ہیں وہ آنے والے وقتوں میں چار سے پانچ گنا تک بڑھ جائیگی،کراچی میں کورونا وائرس کے 54ہزار سے زائد کیسز اور 900کے قریب اموات ہوچکی ہیں، 26 فروری سے اب تک 26 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہوچکے
ہیں۔انڈس اسپتال کے شعبہ انفیکشن ڈزیز کی سربراہ ڈاکٹر نسیم صلاح الدین کے کورونا سے متعلق تحقیقی مقالے کے مطابق پانچ میں سے ایک فرد کو سانس کی دشواری اور خون میں آکسیجن کی کمی کا سامنا ہے اور اس میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ماہرین صحت نے بتایاکہ کورونا کے کیسز کی شرح کو روکنے کے لئے حفاظتی اقدامات سختی سے اپنانے ہونگے۔ ماہرین نے اسمارٹ لاک ڈائون کے بجائے 14 دن کے مکمل لاک ڈائون پر زور دیا ہے۔