لاہور (آن لائن) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور کے شہریوں پر زہر اگلتے ہوئے کہا کہ لاہوری تماشائی ہیں، جاہل ہیں اور ضدی ہیں، انہیں جو کچھ کہا جائے ماننے کے لئے تیار نہیں ہوتے۔ اگر کچھ نہ کہا جائے تو ناراض ہو جاتے ہیں اور اگر کچھ کہا جائے تو پھر بھی ناراض ہوجاتے ہیں۔ نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام پر اللہ کا کوئی خاص کرم ہے۔ پاکستانیوں کی تمام تر جہالت کے باوجود
دنیا کے مختلف حصوں کے مقابلے میں پاکستان کی صورتحال قدرے بہتر ہے۔ انہوں نے کرونا کے پھیلاؤ کی ذمہ داری پنجاب عوام پر ڈالتے ہوئے کہا کہ عید پر کرونا کے ایس او پیز کے ساتھ جو کچھ ہوا اس کی کھیپ اب نکل رہی ہے جبکہ دوسری طرف سیاسی رہنماؤں اور عوامی حلقوں نے صوبائی وزیر صحت کے الفاظ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر لاہورئیے جاہل ہیں تو ڈاکٹر یاسمین راشد کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ انکا تعلق بھی لاہور سے ہے۔