اسلام آباد (این این آئی)کورونا وائرس کے باعث اوورسیز پاکستانیوں کی اموات کا معاملہ،ترجمان عوامی نیشنل پارٹی زاہد خان نے وزیر خارجہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ ہفتہ کو اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کی لاشیں ہجوم کی صورت میں بیرون ممالک پڑی ہوئی ہیں،
اس وقت اوورسیز پاکستانیوں کا کوئی پرسان حال نہیں، مشکل ترین حالات میں سفارتخانوں نے پاکستانیوں کی جیبوں پر ڈاپنے کا نیا کاروبار شروع کردیا ہے۔زاہد خان نے کہاکہ وزیر خارجہ اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنی نااہلی اور کوتاہی قبول کر کے مستعفی ہوجائیں۔زاہد خان نے کہاکہ سلیکٹیڈ حکومت اوورسیز پاکستانیوں سے چندہ لیتے ہیں لیکن مشکل حالات میں انہیں بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے۔ زاہد خان نے کہاکہ ملک کے باہر بیٹھے ہوئے ہیروز بے یارو مددگار چھوڑ دینا قابل مذمت عمل ہے، کیا سلیکٹرز نے آپ کو اس لئے مسلط کیا تھا؟ ۔زاہد خان نے کہاکہ سلیکٹرز اس قوم پر رحم کریں، سلیکٹرز قوم پر نااہل حکمران مسلط کرنے پر قوم سے معافی مانگیں۔