اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اینکر پرسن عمران ریاض خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے انہیں لیگل نوٹس بھجوادیا۔ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کی سابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اینکر پرسن عمران خان کو ان کی مبینہ کرپشن کی کہانی اور عہدے سے ہٹائے جانے سے متعلق دیگر وجوہات منظر عام پر لانے پر ہتک عزت کا نوٹس بھجوا دیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں لیگل نوٹس کی نقل شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے اپنے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد خبر پھیلانے پرعمران ریاض خان کو لیگل نوٹس بھجوادیا ہے، نوٹس میں عمران ریاض خان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فردوس عاشق اعوان سے معافی مانگیں اور میرے خلاف اس مہم کو جاری رکھا گیا تو 2 ارب کا ہرجانہ ادا کرنا ہوگا۔لیگل نوٹس میں عمران ریاض خان کے یوٹیوب چینل پر 28 اپریل کو اپلوڈ کی گئی ویڈیو پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں جس میں عمران خان فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی اطلاعات کے عہدے سےہٹائے جانے کی وجوہات منظر عام پر لائے تھے،ویڈیو میں عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ فردوس عاشق اعوان مبینہ طور پر سرکاری اشتہارات کی مالی خوردبرد میں ملوث تھیں اور اس کی انکوائری مکمل ہونے کے بعد انہیں عہدے سے ہٹایا گیا۔اس کے علاوہ اینکر پرسن عمران خان نے وزیراعظم پاکستان کی سربراہی میں ایک میٹنگ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فردوس عاشق اعوان کے بار بار بولنے پر وزیراعظم غصہ ہوگئے تھے یہی وجوہات فردوس عاشق اعوان کو عہدے سے ہٹانے کی وجہ بنیں۔فردوس عاشق اعوان کے لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ تمام معلومات اور تفصیلات جھوٹ پر مبنی ہیں اور کرپشن سے متعلق عمران خان کا دعوی ٰ فردوس عاشق اعوان پر الزام ہے جس پر عمران خان کو معافی مانگناہوگی۔