لاہور (نیو ز ڈیسک) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ لاہور میں چالیس فیصد کرونا وائرس سے متاثرہ مریض صحت یاب ہو گئے ہیں، ڈاکٹر یاسمین راشد نے تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ یہ درست ہے کہ پنجاب کا دارالحکومت وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر ہے، یہاں ایک ہزار سے زائد مصدقہ کرونا کیسز سامنے آئے، انہوں نے کہا کہ مثبت بات یہ ہے کہ چار سو سے زائد مریض وبا کو شکست دینے میں بھی کامیاب رہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار
سے وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب حکومت کی کورونا ٹیسٹنگ کی مرکزی لیب کی انچارج مالیکیولر بیالوجسٹ عندلیب حنیف نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عندلیب حنیف اور لیب کے دیگر عملے کی کورونا ٹیسٹنگ کیلئے خدمات کو سراہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عندلیب حنیف کو نقد انعام بھی دیا جبکہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے عندلیب حنیف کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیا۔ اس طرح رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی آمد سے ہی ملک بھر سے اچھی خبروں کا سلسلہ جاری ہے۔