لاہور(این این آئی) سکھ کمیونٹی نے بھی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے مارچ اور دھرنا ملتوی کرنے اور اس کی تاریخیں تبدیل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔سکھ کمیونٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ گورونانک دیوجی کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات منانے دنیا بھر سے سکھ پاکستان آرہے ہیں۔ 31 اکتوبر کوبھارت سے نگرکیرتن کا جلوس واہگہ کے راستے پاکستان آرہا ہے۔یکم سے 14 نومبرتک جنم دن کی تقریبات منعقد ہو رہی ہیں،
مارچ اوردھرنوں سے سیاسی افراتفری پیداہوگئی اورسکیورٹی مسائل پیداہونے سے بیرون ممالک سے سکھ یاتری پاکستان آنے سے گریزکریں گے۔ سکھ کمیونٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ اگر سکیورٹی وجوہات کی بناء پرسکھ یاتری پاکستان نہ آئے تو ہماری امن کی کوششوں پر پانی پھرجائے گا۔ غیر ملکی سکھ یاتری احتجاج کو دیکھ کر یہاں سے کیا پیغام لے کر جائیں گے۔ مطالبہ ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنا مارچ اوردھرنا 20 نومبر کے بعد کر لیں۔