اسلام آباد (این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عبدالقیوم نے کہا ہے کہ نوازشریف کا نام پانامہ میں نہیں تھا ٗموجودہ حکومت کو پانامہ میں باقی 450 افراد پر ہاتھ ڈالنا چاہیے ٗگیس کی قیمتوں میں اضافہ کردیا اور اب بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب طبقہ پر بوجھ ڈالا جارہا ہے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا پاناما کیس میں نام تک نہیں تھا انہیں اقتدار سے الگ کرکے جیل میں ڈالا گیا۔ اب تحریک انصاف کی حکومت جو ماضی میں پاناما پیپر کو اٹھانے والی
جماعت ہے اب ان کی حکومت سے ان 450 لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں کیوں کھڑا نہیں کیا جارہا جن کے نام پانامہ پیپر میں تھے اور ان کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان لوگوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔ سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے پانچ سالہ اقتدار میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا اور موجودہ حکومت کو آئے 30 دن ہوئے ہیں۔ انہوں نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کردیا اور اب بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب طبقہ پر بوجھ ڈالا جارہا ہے۔