آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ کاشمالی وزیرستان میں خطاب ، بڑا اعلان کردیا راولپنڈی(آئی این پی ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاویدباجوہ نے کہاہے کہ ہم دہشت کے دور کو واپس آنے کی اجازت نہیں دیں گے ، دیرپا امن کے حصول کیلئے استحکام آپریشنز اور سماجی واقتصادی ترقی پر خصوصی توجہ کاسلسلہ جاری رکھاجائے
وزیرستان اور دیگر نئے اضلاع کیلئے یہ آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کا وقت ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بدھ کو چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاویدباجوہ نے ضلع شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہیں ضلع میں عارضی بے گھر افراد کی بحالی ،ترقیاتی کاموں میں پیش رفت، سرحدی انتظام اورسیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔اس دوران آرمی چیف نے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ علاقے میں پائیدار اور دیرپا امن کے حصول کیلئے استحکام آپریشنز اور سماجی واقتصادی ترقی پر خصوصی توجہ دینے کاسلسلہ جاری رکھاجائے ۔ دریں اثناء آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ نے فوجی افسروں اور جوانوں سے بھی ملاقات کی ۔انہوں نے علاقے میں تعینات فوجی افسروں اور جوانوں کی جرات ،بلند حوصلے ،عزم اور قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ ہم دہشت کے دور کو واپس آنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیرستان اور دیگر نئے اضلاع کیلئے یہ آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کا وقت ہے ۔